کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے، کلیئرنس آپریشن میں 155 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا جبکہ 27 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے جبکہ امن وامان کے پیش نظر ٹرین سروس بھی تین رو ز کیلئے معطل کردی گئی ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، کلیئرنس آپریشن کے باعث دہشتگرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، دہشت گردوں نے خودکش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل ساتھ بٹھایا ہوا ہے، خودکش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹس پہنے ہوئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشت گرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز معصوم یرغمالیوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں۔ دوسری جانب امن و امان کے پیش نظر جعفر ایکسپریس کو 3 روز کیلئے معطل کر دیا گیا، کراچی جانیوالی بولان میل کی سروس بھی معطل ہے۔دریں اثناء جعفر ایکسپریس حملے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے مسلسل رابطہ قائم رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے رابطہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے بلوچستان حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دونوں رہنمائوں نے موثر آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پروزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کو ہر طرح کا تعاون کریں گے، وزیراعلی بلوچستان دلیر آدمی ہیں اور ہم مل کر دہشتگردوں کا صفایا کریں گے، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ حملہ آوروں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، ادارے تعاقب میں ہیں، کوئی نہیں بچے گا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس سے مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دشمن قوتیں بلوچستان میں دہشتگردی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھنانی سازش کر رہی ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی