وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، ریاست بھی محفوظ نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ تمام سوشل میڈیا اکاونٹس کس رول کے تحت چل رہے ہیں، دنیا بھر میں سوشل میڈیا اکاونٹس کے رولز ہیں، پاکستان میں ہر کوئی کسی بھی طرح کی پوسٹ کر رہا ہے کوئی روکنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اکانٹس کا آزادی اظہار رائے کی آڑ میں غلط استعمال کیا جاتا ہے، اب سوشل میڈیا اکاونٹس کا استعمال رولز ریگولیشنز کے تحت کیا جائے گا، ہم سوشل میڈیا کے خلاف نہیں ہیں، پوری دنیا میں سوشل میڈیا اکانوٹ ریگولیٹ ہوتے ہیں، پاکستان میں بھی سوشل میڈیا اکاونٹ رولز کے مطابق ریگولیٹ ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک ایسے نہیں چلتا جیسے ہم پاکستان کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گی، چیف جسٹس صاحبہ نے جو آج سوالات اٹھائے وہ پارلیمان اور دیگر اداروں کیلئے بھی ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ یہاں پر تو ریاست محفوظ نہیں ہے، یہاں سوشل میڈیا اکانٹس کے ذریعے ڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، کیپیٹل ہل پر حملہ ہوا تو ملزم کو 7 سال کی سزا دی گئی، ہمارے ملک میں کہا جاتا ہے جو مرضی ہو رہا ہے ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اوورسیز انقلابی بنے ہوئے ہیں، یہ کوئی طریقہ ہے کہ پاکستان کے اداروں کو کچھ بھی کہہ لیں گے، آزادی اظہار رائے کے نام پر پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، اداروں کے سربراہان کی تصاویر لگا کرڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، رولز اور ریگولیشن کے بغیر کوئی سوشل میڈیا سائٹ نہیں چلنی چاہیے۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں پر ریلیف کے حوالے سے وفاقی حکومت پلان کر رہی ہے، اویس لغاری بتا رہے تھے وزیراعظم خود ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب 100 سے 200 یونٹ والوں کو مفت سولر پینل اور بیٹری سمیت پورا پینل دیں گی، 200 سے 500 یونٹس والے پروٹیکٹڈ صارفین کو 10 فیصد پر سولر پینل ملیں گے، 90 فیصد پیسے حکومت ادا کرے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی