قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے خواجہ برادران اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں زیر سماعت پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں ضمنی ریفرنس داخل کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ یہ عوام الناس سے فراڈ کا کیس نہیں ہے ۔ گزشتہ روز احتساب عدالت میں پیر اگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت ہوئی ۔ خواجہ سلمان رفیق اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ خواجہ سعد رفیق کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہونے کی وجہ سے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا ۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے نیا ضمنی ریفرنس دائر کردیا گیا جس میں کہا ہے کہ یہ عوام الناس سے فراڈ کا کیس نہیں ہے ،نیب نے کہا ہے کہ دیگر افراد کو پلاٹ مل چکے ہیں ۔۔نیب کے ضمنی ریفرنس کے بعد عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق معاونت طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر مکمل تفصیلی دستاویزات عدالت پیش کی جائیں ۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی بریت کی درخواستوں پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی