حکومتی اتحاد نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیرِ سماعت انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت میں فریق بننے کا فیصلہ کر لیا۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آج فریق بننے کی درخواست دائر کریں گی، حکومتی اتحاد کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اپنا موقف عدالت میں پیش کریں گی۔ دریں اثنا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی فیصلے کا پابند نہیں ہوتا، اسی دن بتا دیا تھا کہ فیصلہ چار تین کا ہے، الیکشن کمیشن آرٹیکل 218(3) کے تحت اپنی ڈیوٹی کر رہا تھا، الیکشن کمیشن کو قانونی مشورہ دینا میرا کام نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ موجودہ صورتِ حال بہت تشویش ناک ہے، حکومت اور پی ٹی آئی فیصلہ کر لیں پاکستان کے لیے کیا بہتر ہے۔ دورانِ سماعت سپریم کورٹ نے انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ گورنرز کو بھی بذریعہ چیف سیکرٹری نوٹس جاری کر دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی