وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں مہنگائی اور معاشی بے یقینی سمیت عالمی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومت پاکستان اپنے لوگوں کے لیے زندگی کو مزید آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک ایسی دنیا کے لیے پر عزم ہیں جہاں ہر فرد کے لیے کامیابی کے مواقع یکساں ہوں۔ غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے بلکہ پائیدار ترقی کے حصول اور سب کے لیے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی شرط ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے اور حکومت نے اپنے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کے اقدامات کے ذریعے غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو غربت سے نکالنا صرف فوری ریلیف کی فراہمی ہی ضروری نہیں بلکہ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات بھی انتہائی اہم ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوششوں کا مقصد کمیونٹیز، خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بااختیار بنانا اور انہیں وہ ذرائع فراہم کرنا ہے جن سے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لے کر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک، ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے اقدامات جیسے پی ایم یوتھ بزنس، ایگریکلچر لونز، ڈیجیٹل اسکلز مفت آئی ٹی ٹریننگز اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ لاکھوں خاندانوں کو مالی مدد اور تکنیکی مدد فراہم کرکے زندگیوں کو بدل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 17 پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) میں غربت کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے، جن کے حصول کے لیے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے۔ ہم اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور جامع ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے اہداف کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی فخر ہے۔ خواتین کی شراکت ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن میں پاکستان اور دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو غربت کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ مشترکہ مقصد اور عزم کے ساتھ اکٹھے ہو کر، ہم ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو ترقی کرنے اور کامیاب ہونے کا موقع ملے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے میں اس مقصد کے لیے اپنی غیر متزلزل لگن کا اعادہ کرتا ہوں اور معاشرے کے تمام شعبوں کو ایک مزید خوشحال، مساوی اور جامع دنیا کی تعمیر میں ہمارا ساتھ دینے کی دعوت دیتا ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی