وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے جلد کمیٹی تشکیل دینے جا رہی ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہم وزیر اعظم کے ڈی 8 سربراہی اجلاس سے واپس آنے کا انتظار کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں اپنے اتحادیوں سے مشورہ کرنے جا رہے ہیں تاکہ اس کا اثر فیصلہ سازی بھی نظر آئے، مجھے توقع ہے کہ یہ کمیٹی جلد سے جلد قائم ہوجائے گی ۔مشیر قانون و انصاف نے مجوزہ کمیٹی میں شامل کیے جانے والے کسی ممکنہ رکن کا نام نہیں بتایا لیکن کہا کہ اس میں حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے سینئر رہنما شامل ہوں گے۔بیرسٹر عقیل نے یہ بھی بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی فریقین کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، میرے خیال میں شرائط اور ایجنڈا طے کرنے کے لیے اسپیکر کے چیمبر میں ملاقات کرنا کمیٹیوں کے لیے فائدہ مند ہو گا۔پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی دھمکی کے بارے میں سوال پر مشیر قانون و انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک طرف حکومت کو دھمکی دے کر دوسری طرف مذاکرات کی دعوت نہیں دے سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو ان میں تمام چیزوں سے متعلق بات ہونی چاہیے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی