i پاکستان

حکومت کشتی حادثے کا شکار افراد کے خاندانوں کی بھرپور معاونت کریگی،رانا ثنا اللہتازترین

June 19, 2023

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کشتی سانحے کا شکار افراد کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یونان کشتی حادثہ میں اموات ایک بہت بڑا سانحہ ہے، ملک بھر کے عوام اپنے بھائیوں کی دیار غیر میں اموات پر سوگوار ہیں، پاکستان بھر میں سانحہ پر قومی سطح پر سوگ منایا جا رہا ہے، انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ درندہ صفت انسانی سمگلروں کے خلاف ایف آئی اے حرکت میں آ چکی ہے، لاہور اور کراچی میں اس سلسلہ میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں، اس سانحہ میں ملوث موت کے تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے،کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کرے گی اور انسانی سمگلنگ کے انسداد کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرنے والوں کو عبرتناک سزا کیلئے خصوصی قانون سازی کی جائے گی، حکومت اس سانحہ کا شکار ہونے والوں کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی۔ وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے دعا کی اور کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے مکمل ہمدردی اور دکھ میں شریک ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی