i پاکستان

حکومت کو مارشل لا سے خطرہ نہیں، اپنی اندر کی لڑائی سے ہی گر جائیگی، فیصل واوڈاتازترین

July 25, 2024

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کو کسی مارشل لا سے خطرہ نہیں، حکومت اپنی اندرکی لڑائی سے ہی گر جائے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چچا، ماما، تایا ان میں اقتدار کی جنگ ہے، کوئی آئینی بریک ڈائون نہیں ہے، یہ ٹی وی پر آکر اپنی نالائقی کا اعتراف کرلیں، اگر اپنی نااہلی، نکمے پن کا اعتراف کریں گے تو قوم اچھی نظر سے دیکھے گی۔فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ان کی 35 سالہ پرفارمنس پہلے ہی قوم کے سامنے ہے، یہ خود کھڑے ہونے کو تیار نہیں، ان سے بھلائی کی امید نہیں، دوسری طرف تحریک انصاف والے سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فوج آئینی ادارہ ہوتے ہوئے سابق اور موجودہ حکومت کیساتھ بھی کھڑی ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بہت کچھ دیا اور مجھے بھی بہت کچھ ملا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مجھے سیاست سکھائی ہے لیکن سب کو معلوم ہے کہ مجھے پارٹی سے دھکے دے کر نکالا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی سے نکل گیا تو اس میں دوبارہ نہیں جاسکتا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اگست ستمبر میں سیاسی موسم گرم نظر آرہا ہے، آئین میں واضح لکھا ہے کہ تین دن ہوں گے اور فلور کراسنگ نہیں ہوگی، آئین میں ترمیم کرنے کا حق پارلیمنٹ کے پاس ہے سپریم کورٹ کے پاس نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی