چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فریضہ حج ہماراایک اہم مذہبی موضوع وجزوایمانی ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا جو استطاعت رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ اللہ کے راستے میں حج کرے، اس سال تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ فرزندان اسلام نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کیاجبکہ سعودی حکومت حج اور عمرہ کی خدمات کو وقت کے ساتھ ساتھ بہتر سے بہترین اور معیاری بنارہی ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں حج سسٹم سے متعلق ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حج انتظامات مکمل کرنے کی 14 فروری آخری تاریخ ہے لیکن ہمارے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج کے زیادہ تر معاملات اور اصول وقوانین سعودی حکو مت طے کرتی ہے، ہمیں ہر صورت سعودی وزارت حج کی وضع کردہ پالیسیوں اور سعودی ملکی نظام کے مطابق چلنا ہو گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ ہماری مرضی کے مطابق چلیں۔انہوں نے کہاکہ وہ ہر سال حج کا نظام اعلیٰ سے اعلیٰ معیار کا کر رہے ہیں اور نئی سے نئی پالیسیاں متعارف کروا رہے ہیں تاکہ حجاج کرام کو آسانیاں اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں لیکن پاکستانی کمپنیاں ابھی پرانی پالیسیوں اور نظام میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ انہیں بھی اپنے معیار کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی سعودی عرب میں ماضی کی نسبت تبدیلی آسکتی ہے تو ہمارے ہاں کیوں نہیں۔انہوں نے کہاکہ اس دفعہ حکومت پاکستان نے سرکاری حجاج کرام کیلئے ایک اعلیٰ کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اسلئے اس سال سر کاری حج کا معیار پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی نسبت بہترین ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ پچھلے سال حکومت پاکستان نے وزات حج میں کرپشن صفر کر دی تھی۔انہوں نے کہاکہ سب سے بڑا مجرم وہ ہے جو چند ٹکوں کے پیچھے سارے نظام کو تباہ کر دیتا ہے۔اس وقت وزارت کا ایک ہی مشن ہے کہ حج کے موقع پر کرپشن صفر ہو۔ انہوں نے کہاکہ وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین ایک ایماندار آدمی ہیں اور وہ اس سلسلہ میں بہت محنت کر رہے ہیں، اس دفعہ شفاف حج کوٹے دئیے گئے ہیں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ حج کے علاوہ بھی پاکستان میں بہت ٹورازم ٹیلنٹ موجود ہے، ہمارے ہاں بھی مذہبی مقامات موجود ہیں۔ اگر ہمارے رویے درست ہوں تو پاکستان ٹور ازم سے ایک ارب ڈالر سالانہ کماسکتا ہے۔انہوں نے گزارش کی کہ چیمبر آف کامرس حاجیوں کی ٹریننگ کیلئے ایک فنڈ قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دفعہ سعودی عرب میں وہ حاجی جاں بحق ہوئے جنہوں نے سعودی حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ خدا کیلئے وہاں جا کر سوشل میڈیا کے استعمال سے پرہیز کریں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت آپکے پیسے سے حج نہیں کرواتی بلکہ اس سلسلے میں وہ ہر سال ایک خطیر رقم خرچ کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہوگا، ٹریننگ کا بڑا اصول پاکستان اور سعودی حکومتوں کے قوانین اور پالیسیوں کا احترام ہے۔سیمینار میں صدر ایف سی سی آئی ریحان نسیم بھراڑہ، سینئر نائب صدرفیصل آباد چیمبر قیصر شمس گچھا، نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ اور سیکر ٹری جنرل محمد ایوب نے خصوصی شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی