حیدرآباد اور امریکی شہر ٹولیڈو سسٹر سٹی کے رشتے میں تبدیل ہوگئے ۔حیدرآباد کے میئر کاشف شورو نے امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ٹولیڈو میں اعلی سطحی ملاقاتیں کی جس میں کاشف شورو اور ٹولیڈو کے میئر میچیل پی بیل کے درمیان معاہدہ طے پایا ۔ملاقات میں دونوں شہروں کے درمیان تعلیمی منصوبوں پر عمل کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ امریکی یونیورسٹیز میں مقامی طالب علموں کے راستے کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ملاقات میں دونوں میئرز نے کہا کہ پاکستانی و امریکی تاجروں کے لئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کے مواقع پیدا کئے جائیں گے، جبکہ سائنس ٹیکنالوجی کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ کھیل، ترقیاتی منصوبوں، صحت، معاشی ترقی کے منصوبے بھی زیر غورہیں۔کاشف شورو نے کہا دورے کا مقصد اپنے شہر میں ترقی کی نئی راہیں بنانا ہے، امریکی یونیورسٹیز کے دروازے کھولنے سے ہمارے نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ میئر حیدرآبادکاشف شورونے مزید یہ بھی کہا کہ میرا مقصد عوام و شہر کی ترقی ہے جس کے لیے سسٹر سٹی کا معاہدہ نہایت اہم ہے، جبکہ امریکی میونسپل نظام کو مد نظر رکھ کر بہت کچھ بہتر کرسکیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی