رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن ساتویں روز میں داخل ہوگیا، پولیس 3 سال بعد کچہ کراچی کے نوگو ایریا میں داخل ہوگئی، جدید لانگ رینج ویپنز اور بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے، میرو لاٹھانی اور افضل مودی کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ کچے کو ڈاکوں سے پاک کرنے کیلئے پولیس کا مشن جاری ہے، رحیم یار خان میں پولیس نے گرینڈ آپریشن تیز کردیا، پولیس کی نفری 3 سال بعد کچہ کراچی کے نوگو ایریا میں داخل ہوگئی۔ آپریشن کے دوران راجن پور پولیس پر ڈاکوں نے راکٹ لانچر سے حملہ کیا، پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، کچہ کراچی میں نذیر ڈپٹی لاٹھانی، میرو لاٹھانی، شاہ مراد، علی مراد، سائیں داد، افضل مودی، فاروق لاٹھانی کے خفیہ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ پولیس کے مطابق لاٹھانی گینگ اغوا برائے تاوان، ہنی ٹریپ و دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس کے تازہ دم دستے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ پیش قدمی کررہے ہیں۔ دوسری جانب کشمور میں گیھلپور کے کچے میں ڈاکوں نے پولیس چوکی کے قیام کے دوران حملہ کردیا، 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ضلع بھر کی بھاری نفری کچے کے علاقے میں پہنچ رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی