i پاکستان

گورنر سندھ کا نئے سال کا جشن عالمی انداز سے منانے کا اعلانتازترین

December 31, 2024

گو رنر سندھ کامران ٹیسوری نے سالِ نو کی آمد کا جشن عالمی انداز سے منانے کا اعلان کردیا ۔دوسری جانب کراچی پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال نو پر فائرنگ کرنے والوں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا، لوگوں کی آگہی مساجد سے اعلانات کئے جارہے ہیں ۔تفصیل کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سالِ نو کی آمد پر کراچی میں گورنر ہائوس میں غیر معمولی آتش بازی کے انتظامات کر لیے گئے ہیں،سالِ نو کے موقع پر قوالی کی محفل کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ گورنر ہائوس میں کلچرل پروگرام شہریوں کو امید اور حوصلہ دینے کی کوشش ہے۔ دوسری جانب کمشنر کراچی نے شہر بھر میں 2 روز کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے۔ کراچی میں سالِ نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی ہو گی، اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ 31 دسمبر سے یکم جنوری 2025 تک ہو گا۔ لوگوں کی آگہی کیلئے شہر کی مختلف مساجد سے اعلانات کیے جارہے ہیں جس میں لوگوں کو سال نو پر فائرنگ کرنے کے خلاف کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ سڑکوں، گلیوں اور عوامی مقامات پر گشت، پکٹنگ اور اسنیپ چیکنگ کی جائے گی، دوسری جانب سال نو پر فائرنگ کرنے والوں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائیگا۔ادھر کراچی میں سال نو کیلئے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جاری ٹریفک پلان کے تحت اختر کالونی سے براستہ خیابان اتحاد سے سی ویو کا روڈ بند ہوگا، دو تلوار سے عبداللہ شاہ غازی مزار اور مزار سے 26 اسٹریٹ جانے والی سڑک بھی بند ہوگی۔ ٹریفک پلان کے مطابق سی ویو یا اطراف جانے والے 26 اسٹریٹ سے ہوتے ہوئے جاسکیں گے جبکہ پی آئی ڈی سی چوک سے کلب روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی