خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ گورنر راج تحریک انصاف کے سونامی کو نہیں روک سکتا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی کال پر پورا صوبہ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام امپورٹڈ حکومت سے کافی تنگ ہے۔ حکومت عمران خان کے لانگ مارچ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، لانگ مارچ کے خوف سے حکومت نے اسلام آباد کے اردگرد خندقیں کھود دی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ پورے پاکستان سے رانا ثنا اللہ کنٹینرز اسلام آباد لارہا ہے، لانگ مارچ کے نام سے اسلام آباد کے ایوانوں میں ہلچل مچ جاتی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ عمران خان اور لانگ مارچ کے خوف سے رانا ثنااللہ کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے، رانا ثنااللہ کو میرا مشورہ ہے کسی اچھے مالج سے علاج کریں۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے کہا کہ جب اسلام آباد کا رخ کرینگے تو سب کچھ بہا لے جائیں گے۔ سندھ والوں کا احتساب کراچی میں کرینگے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کو روکنے کے لیے امپورٹڈ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، امپورٹڈ حکومت چاہے گورنر راج، صدر راج جو بھی راج لگائے لگائیں، گورنر راج تحریک انصاف کے سونامی کو نہیں روک سکتا-
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی