گوادر میں مختلف پراجیکٹس کی کامیابی کے ساتھ ہی ایک چینی کمپنی ہا ئے شن تیان پیلیجک فشری اوورسیز بیس نے گوادر فری زون ساؤتھ (فیز 1) میں اپنی فش پروسیسنگ فیکٹری کی مکمل تعمیر شروع کردی ہے۔گوادر پرو کے مطابق گزشتہ ماہ ہا ئے شن تیان پیلیجک فشری اوورسیز بیس(Haixintian Pelagic Fishery Overseas Base) کمپنی نے چین سے اپنے صنعتی یونٹس کی درآمد شروع کی اور اب کولڈ اسٹوریج اور مچھلی کی صنعت کے لیے ضروری دیگر سہولیات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس کی سہولت کے لیے کمپنی نے گوادر فری زون (فیز 1) میں 5,911 مربع میٹر پر پھیلے ایک گودام کو محفوظ کیا ہے۔ گودام 2,000 مربع میٹر معیاری ورکشاپ کی جگہ پر مشتمل ہے، جسے سبلیسر کے ڈیزائن کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق یہ گوادر فری زون کی فیشنگ اور اس سے متعلق پہلی فیکٹری ہوگی۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان میں کام کرنے کے لیے تمام قانونی اور دستاویزات کے طریقہ کار پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ چونکہ یہ صنعت مقامی افرادی قوت کی مہارت سے منسلک ہے، اس لیے اس میں ملازمت اور کاروباری مواقع دونوں کے لحاظ سے کمیونٹی کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی