i پاکستان

گوادر ہیلتھ سیکٹر،جی ڈی اے ہسپتال انڈس ہسپتال کے حوالےتازترین

November 01, 2022

گوادر میں صحت کے شعبے کی ترقی میں اہم پیش رفت، جی ڈی اے ہسپتال انڈس ہسپتال بن گیا جو ملک میں سماجی خدمت اور صحت کے شعبے میں ایک اعلیٰ اور معیاری نام اور مقام رکھتا ہے، گوادر پرو کے مطابق جی ڈی اے ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے حوالے کرنے کی رسمی تقریب منعقد ہو ئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) مجیب الرحمان قمبرانی نے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔ گوادر پرو کے مطابق جی ڈی اے ہسپتال کے انڈس ہسپتال میں تبدیل ہونے سے گوادر کے عوام جو کئی دہائیوں سے صحت کی معیاری سہولیات سے محروم ہیں انہیں صحت کی مفت سہولیات میسر آئیں گی۔ اس پیش رفت سے گوادر کے مقامی لوگوں کے لیے صحت سے متعلق خدشات کا خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ پہلے انہیں طبی امداد اور مد د کے لیے کراچی پہنچنے کے لیے میلوں کا فاصلہ طے کرنا پڑتا تھا۔ زیادہ تر ہنگامی حالات میں اہل خانہ کو گوادر سے کراچی جاتے ہوئے اپنے پیاروں کی موت کا منہ دیکھنا پڑا۔ گوادر پرو کے مطابق نئی صحت کی سہولت سے صحت کے بلوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی کیونکہ نقل و حمل اور سفر کے اخراجات پر خرچ ہونے والے بھاری اخراجات تقریباً صفر ہو جائیں گے۔ اب انڈس اسپتال کراچی کی تمام اعلیٰ معیاری اور جدید علاج کی سہولیات انڈس اسپتال گوادر میں مفت دستیاب ہوں گی۔ یہ ادارہ بلوچستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد ہسپتال ہو گا جہاں کراچی کے بہترین ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف جدید طبی آلات کے ساتھ دن رات خدمات سرانجام دینے کے لیے موجود ہوں گے۔ گوادر پرو کے مطابق یہ 70 بستروں پر مشتمل ہے جبکہ زیر تعمیر پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال 150 بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہ ایک جدید ترین اور بین الاقوامی معیار کا ہسپتال ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی