i پاکستان

گوادر، حجام کی دکان میں کام کرنیوالے 7 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیاتازترین

May 09, 2024

گوادر کے علاقے سربندر میں کوارٹر میں سوئے ہوئے7 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا،وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے گوادر فش ہاربر کے قریب رہائشی کوارٹر پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ جاں بحق اور زخمی افراد سربندر میں حجام کی دکان میں کام کرتے تھے انکا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا گیا ہے۔لاشوں اور زخمی شخص کو گوادر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب حکومت بلوچستان نے گوادرمیں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے،واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی گئی،دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے،نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے،ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا،انتظامی افسران جائے وقوعہ پرپہنچ گئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی