لاہور ہائیکورٹ نے فرح خان کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فرح خان ۔ ان کے شوہر احسن جمیل اورغوثیہ بلڈرز کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ فرح گوگی نے درخواست میں نیب کے نوٹسز کو چلینج کرتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ نیب بد نیتی کی بنیاد پر نوٹسز جاری کررہا ہے، نیب کے پاس پرائیویٹ کاروبار میں کارروائی کا اختیار نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بار بار نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق نیب نوٹسز کی تعمیل کیلئے پولیس کو استعمال کر رہا ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ وکیل نے استدعا کی کہ نیب نوٹس پر عمل درآمد معطل کیا جائے۔ عدالت نے نیب نوٹسز پر فوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی، اور ریمارکس دیے کہ درخواست گزاروں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ہے نہ ہی بلیک لسٹ ہوئے ہیں۔ عدالت نے درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی