i پاکستان

فوجی عدالتیں کیس،حکومت کی ایک بار پھر فل کورٹ بنانے کی درخواستتازترین

July 19, 2023

فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کے کیس میں اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعہ پر فوج نے لچک کا مظاہرہ کیا۔ سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل نے 9 مئی واقعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر ہاوس لاہور ، میانوالی ، سیالکوٹ ، راولپنڈی ، بنوں میں واقعات پیش آئے، پی ایف بیس میانوالی کی بانڈری دیوار کو نشانہ بنایا گیا، جہاں میراج فائٹر طیارے موجود تھے، حمزہ کیمپ آئی ایس آئی آفس راولپنڈی، سگنل میس اور اے ایف آئی سی ، چکلالہ راولپنڈی پر بھی حملے ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں آئی ایس آئی دفتر پر حملے میں ملوث افراد مسلح تھے، 62 واقعات صرف پنجاب میں پیش آئے، جن میں 198 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 250 لوگ زخمی ہوئے، نو مئی واقعات میں مجموعی طور پر 2.5 بلین روپے کا نقصان ہوا، یہ واقعات اچانک نہیں منظم طریقے سے کیے گئے، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کا سامنا رہا۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعے پر فوج نے لچک کا مظاہرہ کیا، فوج ہتھیار چلانے میں مکمل تربیت یافتہ ہوتی ہے، فوجی افسران کی پولیس کی طرح مظاہرین سے نمٹنے کی تربیت نہیں ہوتی، انہیں اس طرح کے جتھوں کو منتشر کرنا نہیں سکھایا جاتا۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ فوجی صرف گولی چلانا جانتے ہیں؟ اٹارنی جنرل نے ایک بار پھر فل کورٹ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ ان وجوہات کی بنا پر فل کورٹ تشکیل دیکر مقدمے کی سماعت کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی