i پاکستان

دہشت گردی کینیڈا، امریکہ اور ہمسایوں کو ایکسپورٹ نہ کریں، اوقات میں رہیں، خواجہ آصف کا بھارت کو پیغامتازترین

April 26, 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ دہشت گردی کینیڈا، امریکہ اور ہمسایوں کو ایکسپورٹ نہ کرے اور اپنی اوقات میں رہے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیانات میں خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ آج ہم پہ دہشت گردی کا الزام لگانے والے بتائیں اسامہ بن لادن کو پاکستان کون لے کر آیا تھا ؟۔وزیر دفاع نے بتایا کہ اصل میں سویت یونین اور امریکہ کی لڑاء تھی اور لیبل جہاد کا تھا، اسکو اسلام اور کفر کی لڑاء بنانے کے لئیے بن لادن جیسے لوگ پاکستان ایکسپورٹ کیے گئے اور مطلب نکل جانے کے بعد پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا گیا اور ہم آج بھی اس دہشت گردی اور اسکے الزام سے نپٹ رہے ہیں۔خواجہ آصف نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو سالہا سال سے محصور رکھا گیا ہے، مستقل کرفیو، ظلم کی انتہا، اور 9 سے 10 لاکھ فوج کی تعیناتی نے ایک پوری نسل کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

انہوں نے مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں، یا تو یہ واقعات آپ کی دہشت گردانہ ذہنیت کا نتیجہ ہیں یا پھر ظلم کی انتہا اسے مٹا دے گی، خون پھر خون ہے، ٹپکے گا تو جم جائے گا۔"انہوں نے کہا کہ منی پور، ناگالینڈ، تری پورہ، چھتیس گڑھ، پنجاب، اور کشمیر سمیت متعدد علاقوں میں بھارت کی نفرت کی سیاست نے بغاوتوں کو جنم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ گجرات کے نہیں بھارت کے وزیراعظم ہیں، جو مختلف قومیتوں اور مذاہب کا مجموعہ ہے، یہ ہندوتوا کا پرچار بھارت کے اتنے ٹکرے کرے گا آپ سے گنتی بھی نہیں ہوگی۔خواجہ آصف نے زور دیا کہ بھارت اپنے اندر امن قائم کرے اور ہمسایوں کے ساتھ پرامن رہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کینیڈا، امریکہ، یا ہمسایہ ممالک میں ایکسپورٹ کرنے کے بجائے اپنی اوقات میں رہیں، محبت اور رواداری بانٹیں، نفرت نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی