ملک میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف کی سپیکر قومی اسمبلی کو ایڈوائس پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ( منگل کو) منعقد ہوگا ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اِن کیمرہ منعقد ہو گا، جس میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائیگی،اجلاس میں عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو موجوہ سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ اجلاس آج سہ پہر ڈیڑھ قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائے گا ۔اجلاس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران اور ان کے نامزد نمائندگان اور متعلقہ اراکین کابینہ شرکت کریں گے جبکہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان کیمرا اجلاس میں قومی سلامتی کے موجودہ حالات پر بریفنگ دی جائے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے متفقہ پالیسی بنائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی نیشنل ایکشن پلان ٹو کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔دریں اثناء قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے موقع پر وفاقی دارلحکومت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ریڈ زون، پارلیمنٹ ہائوس میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ غیر متعلقہ افراد کا ریڈ زون میں داخلہ بند ہوگا۔ریڈ زون کو ایف سی کے سپرد کر دیا گیا ۔پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مہمان لانے کی ممانعت ہوگی، پریس گیلری سمیت تمام گیلریاں مقفل ہونگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی