i پاکستان

دشمن پر لرزہ طاری کرنیوالے میجر شبیر شریف کا 53 واں یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایا گیاتازترین

December 06, 2024

دشمن پر لرزہ طاری کرنے والے میجر شبیر شریف کا 53 واں یوم شہادت جمعہ کے روز انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا ۔میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1947 کو ضلع گجرات کے قصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے، 1964 میں 21 سال کی عمرمیں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، میجر شبیر شریف شہید سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی اور میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے بھانجے تھے۔میجر شبیر شریف شہید 1965 کی جنگ میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ شریک ہوئے اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا جس پر انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا، 1971 کی پاک بھارت جنگ میں بھی یہی عزم اور حوصلہ کام آیا اور ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کر ڈالا۔ 6 دسمبر 1971 کو میجر شبیر شریف نے جام شہادت نوش کیا، انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر شبیر شریف شہید کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نے 1971 میں دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، ان جیسے بہادر افسران پر پوری قوم کو فخر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم میجر شبیر شریف کو وطن کیلئے قربانی اور بہادری پر سلام پیش کرتی ہے، قوم تمام شہدا کی قربانیوں کی معترف ہے، انہیں فراموش نہیں کرے گی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر شبیر شریف کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے 53 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت کیا اور کہا کہ میجر شبیر شریف شہید جرآت و بہادری کی عمدہ مثال تھے، 1971 کی جنگ میں انہوں نے ہیڈ سلیمانکی میں دشمن کی پیش قدمی کو روکے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید نے نہ صرف اپنے ہدف کی حفاظت کی، دشمن کے ٹینکوں کو ٹینک شکن رائفل سے ناکارہ بنایا بلکہ کمپنی کمانڈر سمیت دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا ڈالا۔انہوں نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا، ان کا وطن سے محبت اور دفاعِ وطن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کرنے کا جذبہ نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے۔وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا دیا، مجھ سمیت پوری قوم کو میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر اور انکے اہل خانہ پر فخر ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی غیور قوم دفاعِ وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی، میجر شبیر شریف شہید کی فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی مثال رہتی دنیا تک آئندہ نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔میجر شبیر شریف شہید کے 53 ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر شبیر شریف شہید نے 1965 کی جنگ میں بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا، 1971 کی پاک بھارت جنگ میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کر ڈالا۔آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کے بہادر سپوت نے 6 دسمبر 1971 کو جام شہادت نوش کیا، میجر شبیر شریف واحد شخصیت ہیں جنہیں نشانِ حیدر اور ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی