i پاکستان

دشمن عناصر کا عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے جعلی خبریں اور گھنائونا پروپیگنڈہ خطرناک ہے،آرمی چیفتازترین

August 15, 2024

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے جعلی خبریں اور گھنائونا پروپیگنڈہ خطرناک ہے، سابق فوجیوں اورقوم کی غیر متزلزل حمایت سے دشمن عناصر کا پروپیگنڈہ ناکام بنائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے ریٹائرڈ فوجی افسران کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے ریٹائرڈ افسران کی خدمات کودلی خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے تحفظ کیلئے ان کی لگن، قومی کی تاریخ کی تشکیل میں اہم کردار کو سراہا ۔آرمی چیف نے درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریٹائرڈ قیادت پاکستان کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتی رہے ۔آرمی چیف نے دشمن عناصر کی جانب سے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے گھنائونے خطرے سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروپیگنڈا عوام اور مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو کمزور کرنے کے لیے کیا جاتا ہے، سابق فوجیوں سمیت قوم کی غیر متزلزل حمایت ایسی تمام فضول کاوشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا ۔ اس موقع پر ریٹائرڈ افسران و جوانوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد اور یقین کا اظہار کرتے ہوئے بیرونی و داخلی سکیورٹی کو درپش خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تقریب پاک فوج کی حاضر اور ریٹائرڈ قیادت کے درمیان اٹوٹ بندھن کا ثبوت ہے، پاک فوج اور اس کے ریٹائرڈ افسران و جوان ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے اپنے عزم میں متحد ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی