i پاکستان

دو پاکستانی ادار وں کے درمیان سی پیک ، بی آر آئی اور پاک چین دوستی کے فروغ کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخطتازترین

February 16, 2023

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے چائنہ اسٹڈی سینٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز (آئی پی ڈی ایس) پاکستان کے سینٹر فار بی آر آئی اینڈ چائنا اسٹڈیز کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں ۔ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی زیدی لائبریری میں کیے گئے ۔گوادر پرو کے مطابق دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی تعاون اور دونوں اداروں کی سائنسی، علمی اور تحقیقی سطح کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری تحقیقی فنڈ، علمی اشاعتوں، اور تربیت حاصل کرنے کے لیے پروگراموں کی ترقی پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ گوادر پرو کے مطابق تجربہ کار سکالرز کا تبادلہ اور چین پاکستان تعلقات کے فروغ، فرینڈز آف بی آر آئی فورم اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سیاست، اقتصادیات، سماجی اور سٹریٹجک اسٹڈیز، بین الاقوامی تعلقات، خارجہ پالیسی، علاقائی اور بین علاقائی ترقی اور دونوں فریقوں کے مشترکہ مفاد کے دیگر موضوعات اور مسائل سے متعلق معلومات اور آراء کا تبادلہ بھی یادداشت کا حصہ ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ایم او یو پر سی یو آئی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد مدنی اور آئی پی ڈی ایس کے ڈائریکٹر محمد آصف نور نے دستخط کیے۔ اس موقع پر آئی پی ڈی ایس کی صدر فرحت آصف اور سی یو آئی کے دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی