i پاکستان

ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا معاشی، جسمانی اور جنسی استحصال کے شکار بچوں کے تحفظ و بہبود کے حوالے سے اہم اجلاستازترین

October 10, 2024

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) عظمیٰ مکرم کی زیر صدارت ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا سہ ماہی اجلاس بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر پشاور اختر منیر، متعلقہ محکموں کے نمائندے، یونیورسٹی آف پشاور، زمونگ کور، ایس او ایس ویلج اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد بچوں کے حقوق، تحفظ اور بہبود کے حوالے سے موجودہ پالیسیوں کا جائزہ لینا اور ان کی بہتری کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں بے سہارا، معاشی، جسمانی اور جنسی استحصال کے شکار بچوں کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی اور ان کی مدد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی چائلڈ پروٹیکشن یونٹ خیبر پختونخوا اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کی جانب سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) عظمیٰ مکرم نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ پشاور کے کردار کی تعریف کی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں کمیٹی کے ممبران کی تجاویز پر غور کیا۔ انہوں نے بچوں کے حقوق کی تحفظ میں معاشرے کے کردار کی اہمیت اور بچوں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے موجودہ چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں خصوصی بچوں کے لیے ادارتی سسٹم کے حوالے سے بھی بحث کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ خصوصی بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے بچوں کے تحفظ اور بہبود کے حوالے سے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرنے کا عزم کیا، جس کے ذریعے کسی بھی قسم کے استحصال کا شکار بچوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی