پنجاب میں پولیس کو درخواست دینے کی رنجش پر بھانجوں نے ماموں کو قتل کردیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق چونیاں کی ظہیر آباد کالونی میں پولیس کو درخواست دینے پر بھانجوں نے فائرنگ کرکے ماموں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔سٹی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا اورملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علی احمد، علی حسنین اور اعجاز حسین ودیگر ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں زمین کے تنازع پر سفاک بھانجے نے فائرنگ کرکے ماموں اور ممانی کو قتل کردیا تھا۔ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ایس پی صدر احمد زنیر چیمہ نے بتایا تھا کہ ملزم افسرعرف گورا نے زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی ماموں اور ممانی کو قتل کر دیا تھا۔ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ اپنے ہی رشتہ داروں کو قتل کرنے والے سفاک قاتل کو قرار واقعی سزادلوائی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی