i پاکستان

چنیوٹ ، تین دن کے دوران ایڈز کے 13 کیسز رپورٹتازترین

November 25, 2024

پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں تین دن کے دوران خطرناک مرض ایچ آئی وی ایڈز کے 13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق چنیوٹ ضلع میں تین دن کے دوران خطرناک مرض ایچ آئی وی ایڈز کے 13 پازیٹو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ہیپا ٹائٹس سی کے 157، ہیپاٹائٹس بی کے 13 جب کہ ٹی بی کے 228 کیسز سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر کے 9 مقامات پر کیمپ لگا کر اسکریننگ کا عمل شروع کیا گیا، جس میں شہریوں کی طبی جانچ کے دوران یہ کیسز سامنے آئے ہیں۔محکمے کی جانب سے مذکورہ کیمپوں پر 721 بچوں کی ویکسی نیشن بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ایڈز اور ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال جنوری سے اکتوبر تک سندھ بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے 2 ہزار 531 کیسز سامنے آئے ہیں۔ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ افراد میں ایک ہزار 313 مرد، 615 خواتین اور 227 خواجہ سرا شامل ہیں ان کے علاوہ 156 بچیاں اور 220 بچے بھی اس موذی مرض کا شکار ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی