سفارت خانہ سی پی آئی سی کے تحت دونوں فریقوں کے درمیان ورکنگ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہتا ہے، مختلف میڈیا گروپس کے ساتھ وقتا فوقتا منعقد ہونے والے بات چیت سیشنز سے پاک چین تعلقات اور سی پیک بارے میں مثبت اور ترقیاتی خبروں کی کوریج بڑھانے میں مدد ملے گی سی پی آئی سی کا مقصد میڈیا کو متحرک کرنا ہے تاکہ لوگوں کو بالخصوص سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے پر جاری پیش رفت بارے میں آگاہ کیا جا سکے، جو بنیادی طور پر صنعتی، زراعت، معدنیات اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ہیں ، پریس کونسلر وانگ شینگ جی اسلام آباد (آئی این پی)چینی سفارتخانے نے پاکستانی میڈیا کے ساتھ بات چیت کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ انہیں بڑھتی ہوئی پاک چین تعاون پر مبنی شراکت داری اور سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کے بارے میں تازہ ترین آگاہی فراہم کی جا سکے۔ چینی سفارت خانے میں پاکستانی میڈیا کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کے پہلے مرحلے میں سیاسی اور پریس کونسلر وانگ شینگ جی نے اعلان کیا کہ اس طرح کی ابتدا چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور(سی پی آئی سی )کا ایک حصہ ہوگی جو کہ پاکستانی اور چینی میڈیا کے درمیان ایک پل کا کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ (سی پی آئی سی)کے تحت دونوں فریقوں کے درمیان ورکنگ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم بھی فراہم کرنا چاہتا ہے۔ مختلف میڈیا گروپس کے ساتھ وقتا فوقتا منعقد ہونے والے بات چیت سیشنز سے پاک چین تعلقات اور سی پیک کے بارے میں مثبت اور ترقیاتی خبروں کی کوریج کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔نئے اقدام کے تحت چینی سفارت خانہ پاک چین دوستی پر پریس بریفنگ جاری رکھے گا۔ یہ باہمی سیکھنے کے مرحلے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا ایک موقع ہوگا،انہوں نے زور دے کر کہا کہ سفارتخانہ الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش رکھتا ہے تاکہ جعلی خبروں کا مقابلہ کیا جا سکے، جو بعض اوقات مخصوص حلقوں سے آتی ہیں۔وانگ شینگ جی نے کہا کہ سی پی آئی سی کا مقصد میڈیا کو متحرک کرنا ہے تاکہ لوگوں کو بالخصوص سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے پر جاری پیش رفت بارے میں آگاہ کیا جا سکے جو بنیادی طور پر صنعتی، زراعت، معدنیات اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم زندگی کے مختلف شعبوں میں ہونے والے تعلقات کے مختلف پہلوں کے بارے میں معلومات کے فرق کو پر کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کرنا چاہتے ہیں اور بے بنیاد، من گھڑت خبروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع انداز اپنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی پی آئی سی کے تحت پاکستانی اور چینی میڈیا دونوں اپنے حقیقی امکانات میں ترقی اور سلامتی سے متعلق خبروں کو پیش کرنے کے لیے کام کرنے کا نیا طریقہ کار وضع کریں گے۔باہمی بات چیت کے سیشن کے دوران سفارت خانے کی میڈیا ٹیم نے شریک صحافیوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کیا کہ ان کے تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں میڈیا کے کردار کو کیسے مضبوط کیا جائے۔سی پیک کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تیسرے فریق کے تعاون کو خوش آمدید کہنے اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے حتمی مقصد کے حصول کے لیے تمام فوائد کو یکجا کرنے کے لیے اسے "اوپن کوریڈور" کے طور پر تیار کر رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی