i پاکستان

چینی سفارتخانے کی جانب سے بلوچستان کی طالبات کیلئے20 ہزار ہیلتھ کٹس کا عطیہتازترین

July 31, 2024

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح رہے گی، چین پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے فروغ پر کام کر رہا ہے ،بلوچستان میں خواتین کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے بلوچستان کے سکولوں میں لڑکیوں کے لیے 20 ہزار ہیلتھ کٹس عطیہ کی ہیں جن کا موضوع "شی پاور" ہے۔ اس کا مقصد لڑکیوں کی صحت کے حالات کو بہتر بنانا، حفظان صحت کی مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینا اور بلوچستان میں صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز چینی سفارت خانے میں اس منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے شرکا میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا، بلوچستان کی وزیر تعلیم راحیلہ درانی کے علاوہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی اساتذہ برادری اور چینی کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے تقریب سے اپنے خطاب میں چینی سفارتخانے کی جانب سے صدر شی جن پنگ کے وژن کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی ترقی اور انسانی فلاح و بہبود کے تمام شعبوں میں غیر معمولی تعاون پر مبنی شراکت داری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 2015 میں پاکستان کی پارلیمنٹ سے صدر شی جن پنگ کے تاریخی خطاب کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سماجی و اقتصادی شراکت داری کی ٹھوس بنیاد رکھی تھی اور سی پیک اس کے مترادف ہے۔ ایاز صادق نے پاکستان کی قومی اسمبلی اور چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے درمیان باقاعدگی سے اور وسیع تر باہمی تعاون کا بھی ذکر کیا۔

اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص انسانی فلاح و بہبود کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے لئے چینی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے سی پی سی کی 20 ویں قومی کانگریس کے سامنے پیش کردہ ورک رپورٹ کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ میں انسانی فلاح و بہبود اور لوگوں کی خوشیوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ اس میں صدر شی جن پنگ کا انسانی تعلقات کے شعبے میں مزید اصلاحات کا وژن شامل ہے۔ انہوں نے نہ صرف چینی عوام بلکہ پوری دنیا کی خوشیوں کو اولین ترجیح دی۔ بلوچستان میں انسانی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد لوگوں کی حالت زندگی کو بہتر بنانا، انہیں بہتر صحت اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح رہے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ اقدام سے بلوچستان میں خواتین کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا بلوچستان کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں جن میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے جو رواں سال فنکشنل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سی پی ای جے وی ڈی سی سے متعلق منصوبوں سے ملک کے تمام خطوں کو سماجی و اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے فروغ پر کام کر رہا ہے جس میں اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے، صحت کی سہولیات کی تعمیر، پاکستانی طلبا کو زیادہ سے زیادہ اسکالرشپس کی فراہمی اور ہنر مندی کی ترقی کی تربیت فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان میں معاشرے کے تمام طبقات ایک صفحے پر ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی