i پاکستان

چینی کمپنی نے مہندری پل کی بحالی کا کام شروع کردیاتازترین

August 09, 2024

چینی کمپنی نے مہندری پل کی بحالی کا کام شروع کردیا ،سی ای ای سی بحالی کی کوششوں میں مدد کے لئے مٹیریل، کرین اور مکینیکل سامان فراہم کر رہی ہے۔ پاکستان کی وادی بالاکوٹ میں مہندری پل کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے ، یہ پل 30 جولائی کو منور ندی میں آنے والے اچانک سیلاب کی وجہ سے بہہ گیا تھا جس کے باعث کاغان ، ناران اور وادی سے آگے کے علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ۔ پل کی تباہی سے 10000 سے 15000 سیاح پھنس گئے اور مقامی لوگوں کی روز مرہ زندگی متاثر ہوئی۔ ناران بابوسر روڈ کو بھی بند کر دیا گیا تھا ۔ گوادر پرو کے مطابق کے مطابق، چین کی سرکاری ملکیت والی کمپنی چائنا انرجی انجینئرنگ کارپوریشن (سی ای ای سی) بحالی کی کوششوں میں مدد کے لئے مواد، کرین اور مکینیکل سامان فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ پل کی مرمت چین اور پاکستان کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ او سی ایچ اے پاکستان کی جانب سے تیار کردہ پاکستان مون سون 2024 فلیش اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے 4 اگست 2024 کے درمیان پاکستان بھر میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 126 افراد ہلاک، 239 زخمی اور 700 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ گوادر پرو کے مطابق متاثرہ علاقوں کو دوبارہ جوڑنے اور پھنسے ہوئے سیاحوں اور مقامی آبادی کو راحت فراہم کرنے کے لئے مہندری پل کی بحالی بہت اہم ہے۔ چینی کمپنی اور پاکستانی حکام کے درمیان مشترکہ کوششوں کا مقصد بنیادی ڈھانچے کے چیلنجوں سے نمٹنا اور قدرتی آفت کے تناظر میں مقامی لوگوں کی مدد کرنا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی