i پاکستان

چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بے بنیاد،مارکیٹ میں 164 روپے فی کلو دستیاب ہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسینتازترین

March 24, 2025

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 153 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ جاری بیان کے مطابق رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو چینی کی قیمتوں کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے ایکشن لیا ہے اور کسی کو قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو سستی اور وافر مقدار میں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی