i پاکستان

چینی فرم نے سنٹر فار سپیچ اینڈ ہیئرنگ مردان میں سولر پلانٹ نصب کر دیاتازترین

November 22, 2022

چینی کمپنی لونگی سولر نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں سنٹر فار سپیچ اینڈ ہیئرنگ (سی ایس ایچ) میں سولر پاور پلانٹ نصب کر دیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق اس منصوبے کو لونگی سولر اور ہواوے کے مقامی پارٹنر رینرجی نے انجام دیا ، رینرجی نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں کمپنیوں کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ 20.7 کلو واٹ کے سولر پلانٹ میں ہواوے انورٹرز شامل ہیں۔ سی ایس ایچ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، لونگی سولر کے سی ای او زو گاؤ اور گلوبل انڈسٹریز کے سی ای او ڈیو مارزوک نے سولر پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کیا۔ انہوں نے علاقے کے گویائی اور سماعت سے محروم بچوں کے لیے سی ایس ایچ کی خدمات کو سراہا۔ گوادر پرو کے مطابق سی ایس ایچ کی طرف سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مرکز کے لیے فنڈ ریزنگ کمیٹی کی رکن مسز شاہین سیف اللہ نے کہا کہ سولر پلانٹ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ موسم گرما میں جب بجلی کی بندش شروع ہوتی ہے تو خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے وا لے سماعت کے آلات پسینے کی وجہ سے ٹھیک سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ مسئلہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی سے ختم ہو جائے گا۔ سی ایس ایچ ویب سائٹ کے مطابق سی ایس ایچ مردان کی بنیاد پیدائشی بہرے پن کے ساتھ پیدا ہونے والی ایک بچی کے والدین نے 1984 میں رکھی تھی جو اسے معمول کے قریب زندگی دینے کا خواب دیکھتے تھے۔ اس طرح کے دوسرے بچوں کے والدین نے بھی مرکز کے قیام میں ہاتھ بٹایا۔ گوادر پرو کے مطابق سی ایس ایچ صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ سمیت ارد گرد کے اضلاع کے بچوں کو خصوصی تعلیم فراہم کرتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی