پاکستان بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کی صورت میں بدترین قدرتی آفات سے دوچار ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے چین بھر سے چینی عوام، کاروباری اداروں اورایسوسی ایشنز نے 125 ملین یوآن نقد اور سامان عطیہ کیا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ''پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لیے چینی عوام'' کے عنوان سے عطیہ کی تقریب چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز (CPAFFC) کے ہیڈ کوارٹر میں ا منعقد ہوئی پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کیلئے تقریب میں چینی حکام، کاروباری اداروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ یہ عطیہ درحقیقت بہت فراخدلی اور بروقت ہے اور پاکستان کی جاری سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کو تقویت دینے میں بے حد مددگار ثابت ہوگا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق انہوں نے کہا میں پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے ان دو ممتاز سفارت کاروں کے جوش و جذبے اور توانائی سے ہمیشہ متاثر ہوں۔ سفیر معین الحق نے مزید کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی ، قبل از وقت وارننگ سسٹم، آفات سے بچنے والی تعمیر، توانائی کی منتقلی وغیرہ کے شعبوں میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موسمیاتی آفت سے ہونے والی تباہی کے پیمانے پر قابو پانا مشکل ہے۔ اب تک 1500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 340 سے زیادہ بچے شامل ہیں۔
1700 زخمی اور 33 ملین سے زیادہ لوگ متاثر اور بے گھر ہوئے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق آئرن برادرز اور سب سے زیادہ قابل اعتماد شراکت داروں کے طور پر پاکستان اور چین نے ہمیشہ تمام خطرات اور مشکلات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ایک دوسرے کی بھرپور مدد کی ہے۔ کوو ڈ 19 وبائی بیماری کے پھیلنے کے بعد اور اب سیلاب سے بچاؤ کی کوششوں کے لیے ہمارے دوطرفہ تعاون ،ہمارے آہنی بھائی چارے اور وقت کی آزمائشی دوستی کی انفرادیت اور طاقت کا مظاہرہ ہوا ہے۔ سفیر نے حاضرین کو بتایا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق جاری سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پاکستانی عوام کی بحالی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور تباہ حال معیشت کی تعمیر نو کے لیے چینی تعاون اور مالی امداد کا منتظر ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز کے صدر لن سونگ ٹیان نے کہا کہ سی پی اے ایف ایف سی نے 15 صوبوں اور شہروں سے 10,372,400 یوآن اور 114 ملین یوآن مالیت کی سپلائیز اکٹھی کی ہیں جس میں بشمول 18 سسٹر صوبے یا شہر ، 24 فرینڈ شپ تنظیمیں، 13 کاروباری ادارے، اور سینکڑوں دیکھ بھال کرنے والے افراد شامل ہیں ۔ چین پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر سفیر شا زوکانگ، چائنہ فرینڈ شپ فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے صدر لی زیکوئی، سی پی اے ایف ایف سی کے نائب صدر اور دونوں ممالک کے دیگر معززین نے تقریب میں شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی