چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پارلیمنٹ ہائوس میںملاقات کی، انہوں نے امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بڑھانے اور مشترکہ مفادات پر مل کر کام کرنے پر ایک مثبت بات چیت کی۔امریکی سفیر نے پاکستان کی نئی اقتصادی ٹیم کو سراہتے ہوئے آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ مذاکرات کے بارے میں امید ظاہر کی، انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات پر زور دیا۔ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے مثبت معاشی ا عشاریوں کو تسلیم کیا اور کہا کہ اگر آئی ایم ایف مثبت رائے دیتا ہے تو اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کے درمیان اہم اقتصادی شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں گیمنگ انڈسٹری کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی زور دیا اور ڈیجیٹل سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔چیئرمین سینیٹ نے فلسطین میں قیام امن کے لیے کوششیں تیز کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا جس پر ڈنلڈ بلوم نے بھی اتفاق کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی