چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب)میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ نیب میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ 19 جولائی کو عدالتوں میں پیش ہونا ہے، تب ہی نیب کے سامنے پیش ہوسکتا ہوں، سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے لاہور سے اسلام آباد کم سفر کرتا ہوں۔ تحریری جواب کے مطابق نیب قوانین کے سیکشن 18 سی کے تحت انکوائری رپورٹ صرف میں وصول کر سکتا ہوں، میرا جواب جب نیب کو موصول ہو تو انکوائری رپورٹ میرے وکیل بیرسٹر گوہر کو دی جائے۔ القادر ٹرسٹ کیس میں سپریم کورٹ نے مجھے رہا کرنے کا حکم دیا تو انکوائری رپورٹ بھول آیا تھا، اس وقت بھی انکوائری رپورٹ بیرسٹر گوہر خان نے آپ کے افسر سے موصول کی تھی، توشہ خانہ کیس کی انکوائری رپورٹ بیرسٹر گوہر خان میرے بیہاف پر موصول کریں گے۔ یاد رہے کہ 3 دن قبل نیب نے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف جاری توشہ خانہ انکوائری کوانویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا تھا۔ نیب نے گواہوں کے بیانات اورشواہد کی روشنی میں انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا ہے۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پیر کو طلبی کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے، جس میں ان کو دن 10 بجے پیشی کی ہدایت کی ہدایت کی گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی