پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کی 27ویں سالانہ پائیدار ترقی کانفرنس (ایس ڈی سی) کل 4 نومبر سے 7 نومبر 2024 سے اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں عالمی اور علاقائی ماہرین شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس انسانی بہتری کے لئے درپیش عالمی مسائل کا حل تلاش کرنے اور مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔اس سال کی کانفرنس کا موضوع ’’نازک حالات سے پائیدار ترقی کی طرف سفر‘‘ ہے، جو ایس ڈی پی آئی کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مؤثر و مضبوط حکمت عملیوں کے فروغ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاسوں میں قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیرِ اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی رومینہ خورشید عالم، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمان اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس سید منصور علی شاہ شرکت کریں گے۔ایس ڈی سی تحقیق کاروں، پالیسی سازوں، عملی ماہرین اور عالمی سطح کے ماہرینِ تعلیم کے لیے ایک منفرد فورم فراہم کرتا ہے جہاں وہ پائیدار ترقی کے موضوع پر بامعنی مکالمے میں شریک ہوں اور اپنی تحقیقی کاوشیں پیش کریں۔ کانفرنس کے ساتھ پائیدار سرمایہ کاری ایکسپو 2024 کا دوسرا ایڈیشن بھی منعقد ہو رہا ہے، جس کا موضوع ’’موسمیاتی لچک کے لیے جدید حل‘‘ ہے۔ یہ مشترکہ تقریب موسمیاتی و سماجی-معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون اور جدت کو فروغ دینے کےبعزم کا اظہار ہے۔ کانفرنس کے اہم موضوعات میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت، مضبوط کمیونٹیز کی تعمیر، حکومتی خلا کو پاٹنا، غذائی نظام کی تبدیلی اور ٹیکنالوجی میں خواتین کو بااختیار بنانا شامل ہیں۔ ایس ڈی سی کا اختتام پیش کردہ مقالات کے ایک نظرثانی شدہ مجموعہ اور کلیدی پالیسی سفارشات کے ساتھ ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی