i پاکستان

بزنس کمیونٹی بغیرکسی ہچکچاہٹ ٹیکسوں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب سے رابطہ کرے، ڈاکٹر آصف محمود جائتازترین

November 25, 2022

وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاء (ستارہ امتیاز)نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکسوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب ادارے سے رابطہ کریں ان کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کراچی آمد کے موقع پر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سابق صدر اور ٹیکس کمیٹی کے موجودہ چیئرمین سید طارق رشید کی سربراہی میں شوکت اسماعیل، توفیق احمد اور شاہد انصاری پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے ٹیکسوں سے متعلق جو مسائل حل طلب ہیں ان کی تفصیلات وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کو ارسال کی جائیں بلکہ آن لائن بھی اپنے کیس رجسٹرڈ کروائے جاسکتے ہیں۔اس حوالے سے بزنس کمیونٹی بلاکسی ہچکچاہٹ رابطہ کرے۔ان کے کیس کو 60 دنوں میں سماعت کے بعد ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاہم جس کاکیس ہو اسے ازخود پیش ہونا ہوگا انہیں کسی وکیل کی ضرورت بھی نہیں لہٰذا بزنس کمیونٹی اس سہولت سے فائدہ اٹھائے۔ نکاٹی وفد کے سربراہ سید طارق رشید نے وفاقی ٹیکس محتسب ادارے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو وفاقی ٹیکس محتسب ادارے کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں لہٰذا اس بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر آصف جاء کی جانب سے نکاٹی کے صنعتکاروں کے لیے آگاہی سیشن کی تجویز سے اتفاق کیا جس کے ذریعے بزنس کمیونٹی کو ٹیکسوں سے متعلق مسائل حل کرنے کے بارے میں طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا اور یہ بتایا جائے گا کہ کس طرح وفاقی ٹیکس محتسب آفس کے ذریعے ٹیکسوں سے متعلق مسائل کو باآسانی کیا جاسکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی