سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 2 زخمی بھی ہوئے، آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر مزید کسی اور خارجی کے خاتمے کیلئے آپریشن کلئیرنس جاری ہے ۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی