بنوں کے علاقے فتح خیل میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کی جانب سے دو روز میں دوسرے حملے میں دو اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے جبکہ امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگزئے ۔پولیس کے مطابق فتح خیل چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ڈی پی او بنوں کا کہنا ہے کہ فتح خیل چوکی پر 2 دن میں دہشتگردوں نے دوسری مرتبہ حملہ کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی فتح خیل پولیس چوکی پر رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جسے پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
دریں اثنابنوں میں تھانہ اتمانزئی کی حدود گربز میں امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، جس کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 9 زخمی ہیں۔ امن کمیٹی کے ممبران کی جوابی فائرنگ سے 8 حملہ آور زخمی ہوئے، زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔۔فتح خیل کے علاقے میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں پولیس چوکی پرشرپسندوں نے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر بنوں کا کہنا ہے کہ پولیومہم کے باعث ضلع بھرمیں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے گاڑیوں میں کالے شیشوں، ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پابندی ضلع بھرمیں شروع ہونے والی پولیو مہم کے باعث لگائی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی