بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوگیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کلدان کی سب تحصیل سنٹسر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث درجن سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔ دالبندین میں رات گئے سے جاری بارش سے کھڑی فصلوں میں پانی جمع ہوگیا، اس کے علاوہ پاک افغان سرحدی علاقے میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ بارشوں اور سیلاب سے ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ 5 روز سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔ گوادر سٹی سمیت گردونواح میں بھی طوفانی ہواں کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا ہے جس کے باعث گوادر میں نجی اسکولوں نے چھٹی کا اعلان کردیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی