بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں رواں سال کیسز کی تعداد 22 ہوگئی۔ پولیو کا تازہ ترین کیس بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے 30 ماہ کے بچے میں رپورٹ ہوا۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے بلوچستان کے علاقے پشین سے تعلق رکھنے والے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون ڈبلیو پی وی۔ون کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔شعبہ صحت کے اہلکار کے مطابق پشین میں تازہ ترین کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 22 ہوگئی ہے جن میں سے صرف 15 کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے علاوہ صوبہ سندھ سے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ملک میں پولیو کا 22واں کیس رپورٹ ہونے کے بعد حکومتی عہدیداروں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی صحت کی خاطر انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی