ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پاسپورٹ دفاتر کو اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے ،بعض علاقوں کے عوام کی رسائی پاسپورٹ آفس تک فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے بروقت نہیں ہو پاتی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی سے گفتگو کے دوران کیاجنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ڈی جی پاسپورٹ نے چیئرمین سینیٹ کو پاسپورٹ کے اجرا اور نئے منصوبوں بارے آگاہ کیا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ڈی جی پاسپورٹ کی سربراہی میں پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو آسان بنانے اور کاوشوں کی تعریف کی اور انہیں بلوچستان میں عوام کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ بعض علاقوں کے عوام کی رسائی پاسپورٹ آفس تک فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے بروقت نہیں ہو پاتی، بلوچستان میں پاسپورٹ دفاتر کو اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے ، عوامی مفاد کی خاطر صوبے میں پاسپورٹ کے مزید دفاتر قائم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی آگاہی پر بھی توجہ دینا لازمی ہے تاکہ معصوم شہریوں کو جعل سازوں سے بچایا جا سکے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ڈی جی پاسپورٹ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ ڈی پاسپورٹ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہاکہ تجاویز اہم ہیں ، سنجیدہ اقدامات کے لئے غور کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی