بلوچستان کے کمشنر مردم شماری نور احمد پرکانی نے کہا کہ صوبے میں مردم شماری کا عمل 99 فیصد مکمل ہوگیا البتہ اب عید کی تعطیلات کے باعث 25 اپریل تک مردم شماری کا عمل روک دیا گیا۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر مردم شماری نور احمد پرکانی نے کہا کہ مردم شماری کیلئے دی گئی مدت جمعرات 20 اپریل کو پوری ہوگئی ہے، آج تک صوبے میں مردم شماری کا 99 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے، کوئٹہ کی آبادی 21 لاکھ 70 ہزار سے زائد گنتی ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پشین کے علاقوں سرخاب اور سرانان میں کچھ بلاک رہ گئے جنہیں جلد مکمل کرلیا جائے گا، عید کی تعطیلات کے باعث 25 اپریل تک مردم شماری کا عمل روک دیا گیا۔نور احمد پرکانی کا کہنا تھا کہ عید کے بعد موصول ہونے والی شکایات پر کام کیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کی صوبے میں مردم شماری کا عمل جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی