i پاکستان

بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،قیمت میں 30پیسے فی یونٹ کمی کا امکانتازترین

March 25, 2025

حکومت نے بجلی صارفین سے کی گئی اضافی وصولیاں واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ بجلی کی قیمت میں 30 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔ نیپرا اتھارٹی آج (بدھ کو)اس حوالے سے درخواست پر سماعت کرے گی۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی، جس میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ فروری میں مجموعی طور پر 6 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ بجلی کمپنیوں کو 6 ارب 66 کروڑ 60 لاکھ یونٹس فراہم کی گئیں۔ سی پی پی اے کے مطابق فروری میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 8 روپے 22 پیسے رہی، جبکہ ریفرنس لاگت 8 روپے 52 پیسے مقرر تھی۔ بجلی کی پیداوار کے ذرائع میں سب سے زیادہ حصہ پانی سے پیدا ہونے والی بجلی کا رہا، جو 27.12 فیصد رہی، جبکہ جوہری ایندھن سے 26.59 فیصد، مقامی کوئلے سے 15.02 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.11 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیپرا کی جانب سے آج ہونے والی سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا حتمی اعلان متوقع ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی