مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبد الرحمان نے حکومت پاکستان کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں مہنگائی میں بھی مزید کمی واقع ہو گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت کو مضبوط کر کے عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بہترین خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان اب دنیا میں تنہا نہیں رہا، اتوار کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری عبد الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باجود بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کر کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ، (ن) لیگ کو جب حکومت ملی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا
لیکن وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کے اہم کھلاڑی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی معاشی اور خارجہ پالیسیوں نے نہ صرف پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ ملک میں مہنگائی کے طوفان کو بتدریج کم کیا ،یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور اب بجلی کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں مزید کمی واقع ہو گی ،ملک میں ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کر کے عوام کو ریلیف دے رہی ہے تاکہ عام طبقے کی زندگی کو آسان بنایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہو گیا تھا تاہم وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے امریکہ ، برطانیہ،یورپ، مشرق وسطیٰ اور خطے کے ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر بہترین تجارتی اور سفارتی تعلقات قائم کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اب دنیا میںپاکستان کے دوست ممالک کی تعداد ماضی سے کئی گنا زیادہ ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی