بجلی کے ملک گیر بریک ڈاون کے اثرات تاحال برقرار ، ملک بھر میں ٹیلی کام خدمات اور انٹرنیٹ کی فراہمی پوری طرح بحال نہ ہو سکی، صارفین تاحال مشکلات کا شکار ۔ موبائل فون سروس کے علاوہ رقوم کے ڈیجیٹل لین دین اور ٹیلی کام کمپنیوں کے سروس سینٹر چلانے، بیلنس لوڈ کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث ٹیلی کام کمپنیز ملک کے مختلف حصوں میں اب بھی بیک اپ توانائی پر آپریٹ کر رہی ہیں۔ موبائل ٹاورز کو چلانے کے لیے جنریٹرز استعمال کیے جارہے ہیں تاہم دور دراز علاقوں تک جنریٹر کا ایندھن پہنچانے میں لاجسٹک مسائل کا بھی سامنا ہے۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کو ایندھن کی مد میں بھاری مالیت کے اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔معمول کی لوڈ شیڈنگ کے مقابلے میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ٹیلی کام کمپنیز 5لاکھ لیٹر زائد ایندھن استعمال کر چکی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی