i پاکستان

بجلی بلوں پر ریلیف خوش آئند، وزرائے اعلیٰ کے بیانات کو بڑھاوا نہیں دینا چاہیے، قمر زمان کائرہتازترین

August 21, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں پر ریلیف کی تجویز بہت اچھی بات ہے، ہر صوبائی حکومت کا اپنے لوگوں کو ریلیف دینا حق ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم حکومت کے اتحادی ہیں اور ساتھ چل رہے ہیں۔ وزرائے اعلی کے بیانات کو بڑھاوا نہیں دینا چاہیے تھا، دو طرفہ لفظی گولہ باری سے گریز کرنا چاہیے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماوں کی گفتگو کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں میں نظریاتی اختلاف ہوتا ہے مگر شائستگی کا مظاہرہ بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبائی حکومت کو وسائل دیکھ کر فیصلے کرنے ہوتے ہیں، صوبوں میں عوام کو حکمران ہی ریلیف دیتے ہیں۔ سندھ حکومت نے ریلیف کے لیے فنڈز اور سہولیات کو دیکھنا ہے۔ پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت کو بجلی کے بلوں میں تجاویز کا جائزہ لینا ہوگا۔ سندھ میں بارشوں کے باعث صورتحال تبدیل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اِردگرد تلخ ماحول ہے سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی