چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی طرز پر بچوں کے تحفظ کیلئے ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کرنے کی تجویز دے دی۔ رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرادی گئی۔ قرار داد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ورچوئل پولیس سٹیشن کا مقصد بچوں کے تحفظ کیلئے ایک وقف شدہ ورچوئل پلیٹ فارم کا قیام ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز بچوں کے تحفظ کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں، آئی جی پنجاب بھی اس مسئلے پر کام کر رہے ہیں۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ورچوئل پولیس سٹیشن کا مقصد یہ ہے کہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور استحصال جیسے خطرات سے متعلق شکایات کا اندراج اور قانونی مشاورت فراہم کی جا سکے۔ متن میں مزید لکھا گیا کہ ورچوئل چائلڈ پروٹیکشن پولیس سٹیشن کے قیام کے ذریعے پنجاب اسمبلی بچوں کے تحفظ اور بہبود کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے، اس ورچوئل پولیس سٹیشن کے قیام سے پنجاب کے ہر بچے کو ایک محفوظ اور معاون ماحول میں بڑا ہونے کا موقع ملے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی