i پاکستان

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں منظم پلان کے تحت کشمیریوں کو معذور بنا رہی ہے ،حریت رہنماء مشتاق احمد بٹتازترین

December 03, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک منظم پلان کے تحت تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے کشمیری لوگوں کو معذور بنا رہا ہے۔منگل کو معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت جیسا سامراجی ملک مقبوضہ کشمیر میں ایک منظم پلان کے تحت تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے کشمیری لوگوں کو معذور بنا رہا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے معذور افراد کے ساتھ اورخصوصابھارتی تشدد سے متاثرہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے آزادی مانگنے والے کشمیریوں پر ظلم و جبر اور غیر انسانی بہیمانہ تشدد جیسے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باعث نہ صرف یہ کہ ان کو معذور بنا دیا بلکہ ان کو تا حیات دوسروں کا محتاج بھی بنا دیا۔ مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ بھارتی فورسز چھاپوں کے دوران جن افراد اور خاص کر نوجوانوں کو گرفتار کرتی ہے ۔ان کو تفتیشی مراکز لیجاکر شدید مارپیٹ ، ٹانگوں پر رولر پھیرنا،بجلی کے جھٹکے دینا،جسم کو جلانا،سگریٹ بیٹ لگانا،ناخن کھینچنا،جسم پر کٹ لگانا،برہنہ کرنا اور الٹا لٹکانا شامل ہیجیسے گھنانے تشدد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی رجیم نے بھارتی فورسز کی جانب سے جاری اس ظلم و قہر کو آگے بڑھاتے ہوئے کشمیری بچوں کو آزادی مانگنے کی پاداش میں پیلٹ گن سے بینائی جیسی عظیم نعمت سے تا حیات محروم کرکے معذور بنادیا جبکہ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں ،بین الاقوامی اداروں بشمول ہیومن رائٹس واچ نے کشمیریوں پر نہ تھمنے والا بھارتی ظلم و بربریت پر چشم کشا اور حقیقت پر مبنی حقائق دنیا کے سامنے لائے لیکن اس سب کے باوجود بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بھارتی ریاستی دہشتگردی اپنی انتہا کو چھو رہی ہے ۔انہوں نے اس دن کی مناسبت سے انسانی حقوق کی تنظیموں ،اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کو رکوانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور کشمیر میں بھارتی تشدد سے متاثرہ افراد کی داد رسی کے ساتھ ساتھ معصوم و نہتے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت دلانے میں اپنی منصبی ذمہ داری نبھائے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی