اقوام متحدہ اور امریکہ نے بھارت اور پاکستان سے کہا ہے کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کریں ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاک بھارت کشیدگی پر ردعمل میں کہا ہے کہ کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان ،بھارت کیلئے قابل قبول کسی بھی اقدام کی حمایت کریں گے۔اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہراس اقدام کی حمایت کریں گے جس سے پاک بھارت تنا ئومیں کمی اور بات چیت دوبارہ شروع ہو۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ مشکل ترین مسائل بھی معنی خیز اور مثبت بات چیت سے حل کئے جاسکتے ہیں، کشیدگی کو روکنے کیلئے دونوں ممالک انتہائی تحمل سے کام لیں۔ دریں اثناء امریکا نے بھی بھارت اور پاکستان سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کردی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا دونوں ملکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، امریکا پہلگام حملے کی مذمت کرتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے بھارت اور پاکستان سے پہلگام واقعہ کا ذمہ دارانہ حل تلاش کرنے پر زور دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی