i پاکستان

بارشوں کا نیا سلسلہ جاری، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشیں، پہاڑوں پر برفباری ،جاتی سردی لوٹ آئیتازترین

March 03, 2025

ملک بھر میںبارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں شیخوپورہ، اوکاڑہ، ملتان، حافظ آباد، ہری پور، حسن ابدال، جھنگ، کندیاں، چنیوٹ میں بھی بادل بر سے۔جس سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی ہے۔ادھر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین، مسلم باغ، ہرنائی اور لورالائی میں کہیں ہلکی کہیں موسلادھار بارش ہوئی، زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جب کہ باجوڑ کے میدانی و پہاڑی علاقوں میں بارش دیکھنے میں آئی۔

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، پیر چناسی، مکڑ اور گنجا پہاڑ پر برفباری سے نظارے حسین ہوگئے، برف باری کے باعث سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں تک بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور آزاد کشمیر میں رابطہ سڑکیں بند رہنے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے برف باری، طوفان اور سیلاب کے دوران مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب ایس ڈی ایم اے نیلم کے مطابق جاگراں ویلی میں برفباری کے دوران سیاحوں کی گاڑی پھنس گئی جس کے بعد ریسکیو 1122کی ٹیموں نے تمام سیاحوں کو بحفاظت منتقل کردیا۔ محکمہ شاہرات کا کہنا ہے کہ جاگراں ویلی کٹن روڈ سے برف ہٹادی گئی جس کے بعد روڈ بحال ہوگیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے شہر کا موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 مطلع صاف رہنے کا امکان ہے اور شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہیکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 19.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آئندہ 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی